جمعہ 30 جنوری 2026 - 11:28
ملتِ ایران کبھی بھی اپنے رہبرِ الٰہی کی اطاعت سے دستبردار نہیں ہوگی

حوزہ/ حرمِ مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے متولی آیت اللہ سید محمد سعیدی نے کہا ہے کہ ملتِ ایران نے بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ بھاری قربانیاں دینے کے باوجود اپنے رہبرِ الٰہی کی ہدایت پر ثابت قدم رہتی ہے اور اس راستے سے کبھی پیچھے ہٹنے والی نہیں، تاریخ گواہ ہے کہ حق کے مقابلے میں باطل ہمیشہ ہٹ دھرمی اور سرکشی کا مظاہرہ کرتا آیا ہے، لیکن ایرانی قوم نے عملی طور پر حق کا ساتھ دینے کا ثبوت دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سعیدی نے وزارتِ دفاع سے وابستہ ایک ادارے کے کارکنان سے ملاقات کے دوران انقلابِ اسلامی کے بعد کے حالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دشمن اپنی کج فکری اور غلط طرزِ عمل کی وجہ سے مجاہد اور سرافراز ملتِ ایران کی حقیقت کو سمجھنے سے قاصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن یہ بات نہیں سمجھتا کہ ایرانی عوام نے ولیِّ خدا اور امام زمانہ عجل‌اللہ‌فرجہ‌الشریف کے برحق نائب کی قیادت میں قیام کیا، اس انقلاب اور نظام کے تحفظ کے لیے بے شمار قربانیاں دیں، اور آج بھی پوری استقامت کے ساتھ اس پر قائم ہیں۔ آیت اللہ سعیدی نے انقلابِ اسلامی کو ایک شجرۂ طیبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ درخت روز بروز پھلدار ہوتا جا رہا ہے اور اس کا سایہ آج پورے خطے پر پھیل چکا ہے۔

متولی حرمِ مطہر نے زور دے کر کہا کہ ایران محاذ حق کی نمائندگی کرتا ہے جبکہ اس کے دشمن محاذ باطل سے تعلق رکھتے ہیں، اور محاذ حق کو وہ نعمت حاصل ہے جو باطل کے پاس نہیں، یعنی خداوندِ متعال کی نصرت اور معیت۔ انہوں نے حضرت موسیٰ اور حضرت ابراہیم علیہما السلام کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں انبیائے الٰہی کو بھی فرعون اور نمرود جیسے ظالموں کا سامنا کرنا پڑا، مگر بالآخر فتح حق ہی کو نصیب ہوئی۔

آیت اللہ سعیدی نے کہا کہ رہبرِ معظم اور ملک کے ذمہ داران حق بات دنیا کے طاقتوروں، بالخصوص امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، تک پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن وہ بھی فرعون اور نمرود کی طرح حق کو سمجھنے سے قاصر رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خداوند دشمنوں کو مہلت دیتا ہے، جو بعض کے لیے توبہ و رجوع کا سبب بنتی ہے اور بعض کے لیے مزید گمراہی اور ظلم کا راستہ ہموار کرتی ہے۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ شہداء زندہ ہیں اور دینِ خدا کی مدد کر رہے ہیں، اور اگر معاشرے میں تقوائے الٰہی کو بنیاد بنایا جائے اور اہلِ بیت علیہم السلام اور شہداء سے توسل اختیار کیا جائے تو فرد اور معاشرہ دونوں فکری و عملی ترقی اور برکت کا مشاہدہ کریں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha